سات روزہ انسداد منشیات مہم اختتام پذیر

ریجن میں سات روزہ انسداد منشیات مہم اختتام پذیر ہو گئی۔
ملتان ریجن کے اضلاع ملتان،وہاڑی،خانیوال اور لودھراں میں پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں، انسداد منشیات مہم کے اختتام پر ملتان ریجن۔کے افسران کو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا، یہ مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری مہم میں سنگین مقدمات میں مطلوب افراد کو ہر صورت گرفتار کریں۔
ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے پولیس افسران منشیات فروشی کے انسداد کو ہر صورت یقینی بنائیں جس ایس ایچ او کے دائرہ اختیار میں منشیات فروشی کا دھندہ پایا گیا اس کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے بارے میں خفیہ معلومات کا حصول شروع کر دیا گیا ہے، اب ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ سات روزہ انسداد منشیات مہم کے دوران 621 کلوگرام چرس،410 گرام ہیروئن،17 کلو گرام بھنگ،15 چالو بھٹیاں شراب،1280 لیٹر لاہن،4873 لیٹر شراب برآمد کی گئی، منشیات فروشوں کے خلاف ملتان ریجن میں زیر دفعہ 9 سی 72 مقدمات درج کئے گئےہیں۔
انہوں نے کہا انسداد منشیات مہم کے اختتام کے باوجود منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔
ریجنل پولیس آفیسر ملتان نے کہا کہ انسداد منشیات مہم کے اختتام پر شروع کی گئی اشتہاریوں کی گرفتاری مہم میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 170 اشتہاری ملزمان اور 106 عدالتی مفرور گرفتار کئے گئے ہیں، اور تمام پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 ستمبر تک جاری مہم کے دوران تمام اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کو جلد از جلد گرفتار کریں۔


















