پنجاب ٹیچر یونین کا آج احتجاج کا اعلان

پنجاب ٹیچرز یونین نے حکومت کی جانب سے اساتذہ کش پالیسیوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔
احتجاجی تحریک کے سلسلے میں آج بروز منگل 30نومبر ملتان کے چوک نواں شہر پر دن 2بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ شرکت کریں گے۔
یہ اعلان اساتذہ رہنماؤں نے پنجاب ٹیچرز یونین ضلع ملتان کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ضلعی صدر رانا محمداسلم کی زیر صدارت خطاب میں کیا ،جس میں مہمان خصوصی پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا الطاف حسین، چوہدری مسعود گجر، رانا جاو ید احسن نون، قدیر عباس، محمد ارشد طاہر، محمد رفیق کاظمی، آغا ممتاز، مہر اسحاق ہانسلہ، عزیر احمد ظفر، راؤ ایاز،مختیار انصاری، رانا محمد ااقبال نیئر، ملک محمد اصغر اٹھنگل ودیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں اساتذہ کے زیر التوا مسائل کو حل کرنے پر زور دیا گیا اس موقع پر اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ سکینڈری سکول ٹیچرز سے ہیڈ ماسٹرز تک پانچ سالوں میں کوئی ترقی نہیں ہوئی 35فی صد اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں جبکہ 40فی صد پوسٹیں خالی ہیں اسی طرح درجہ چہارم کی 50فی صد پوسٹیں خالی ہیں ۔
ملکی تاریخ میں تعلیمی شعبہ تاریخ کے بدترین بحران کا شکار ہے پنجاب ٹیچرز یونین اساتذہ کی مراعات، پنشن، گریجویٹی اور دیگر مراعات کے خاتمے کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی ۔
یومیہ اجرت پر اساتذہ کا تقرر سنگین مذاق ہے اور اساتذہ کے وقار کے منافی ہے رانا الطاف حسین نے کہا کہ اساتذہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی و زیادتی بر داشت نہیں کریں گے ۔
اگر موجودہ حکومت نے اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے انقلابی بنیادوں پر اقدامات نہ کئے تو پنجاب ٹیچرز یونین راست اقدام پر مجبور ہو جائے گی۔



















