Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

ریلوے ایمپلائز یونین کا مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاج و ریلی

پاکستان ریلوے پریم یونین کے زیرِ اہتمام ملتان ریلوے اسٹیشن سے ڈی ایس آفس تک ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور اور ملتان ڈویژن کے صدر رانا محمد شریف نے کی، جبکہ یونین رہنماؤں ایوب مغل، اویس حمید، عابد علی، راجا محمد جاوید، محمد احسن سمیت دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔

ریلی میں ریلوے کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کہا کہ کیرج اور آر ٹی ایل اسٹاف کے اوور ٹائم کی ناجائز کٹوتی فوری طور پر بند کی جائے، سال 2019 سے زیرِ التواء ٹی اے کی تمام ادائیگیاں فوری یقینی بنائی جائیں۔

سکھر اور ملتان ڈویژن کے ٹی ایل اے گینگ مینوں کی چار ماہ کی بقایا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔ ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ان کے دیگر مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر مزدوروں کے جائز مطالبات کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو ریلوے میں صنعتی امن قائم رکھنا ممکن نہیں ہوگا اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری ریلوے انتظامیہ پر عائد ہوگی ملتان ڈویژن کے صدر رانا محمد شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ڈویژن کے مزدور پریم یونین کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر قیادت نے“ورک ٹو رول”تحریک کا آغاز کیا تو ملتان ڈویژن کا ہر مزدور ہراوّل دستہ بن کر کردار ادا کرے گا۔

شیخ محمد انور نے مزید کہا کہ ریلوے اور اس کے ملازمین کے مسائل کی اصل جڑ آج کے اور ماضی کے حکمران ہیں جو صرف اپنے مفادات کو ترجیح دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ ریلوے کے افسران تمام مراعات اور ٹی اے تو حاصل کرتے ہیں مگر مزدور کو اس کی جائز تنخواہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی جو کہ شدید ناانصافی ہے۔ بلوچستان میں بدترین دہشتگردی کے باوجود ریلوے کا عملہ شب و روز محنت کررہا ہے، شہادتیں بھی دے رہے ہیں اور زخمی بھی ہورہے ہیں۔ اتنی جانفشانی سے ادارے کی خدمت کرنے کے باوجود شہید اور زخمی ہونے والوں کیلئے حکومت نے کسی قسم کے پیکج کا اعلان نہیں کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب تک پاکستان کے عوام اور ریلوے مزدور ایماندار، دیانتدار اور مسائل کے حل کا جذبہ رکھنے والے نمائندوں کو پارلیمنٹ میں نہیں بھیجیں گے، اس وقت تک حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 23 نومبر کو“بدل دو نظام” تحریک کا آغاز اسی مقصد کے لیے کیا ہے، کیونکہ موجودہ نظام عام پاکستانی اور مزدور کو کوئی ریلیف نہیں دیتا۔

اُنہوں نے ریلوے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ“بدل دو نظام”تحریک میں بھرپور طریقے سے شامل ہوں، کیونکہ یہ مزدوروں کے روشن مستقبل کی کنجی ہے۔

اس موقع پر ریلوے ملازمین کی بہت بڑی تعداد نے پریم یونین، شیخ محمد انور،رانا محمد شریف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پریم یونین میں شمولیت کا اعلان کیا، شامل ہونے والوں میں خانیوال گارڈ ایسوسی ایشن کے صدر راؤ شاہد محمود جنرل سیکرٹری محمد عمران سیال نے دیگر درجنوں گارڈز جن میں وجاہت علی، مبشر شکور، محمد قیصر، طارق محمود، شاہد فاروق، مبشر شبیر، صباح الدین، کاشان شاہد، خرم شہزاد اور چوہدری محمد فاروق نے بھی پریم یونین سی بی اے میں شمولیت اختیار کی۔

ملتان ڈویژن کے ٹی سی آر جن میں محمد واجد،اسامہ ناصر، محمد احتشام اور عامر اسلم نے رانا محمد عاصم کی قیادت میں پریم یونین میں شمولیت کا اعلان کیا

ملک وقاص بشیر نے جہانزیب خان نیازی، بوستان خان نیازی و دیگر درجنوں ملازمین کے ہمراہ شمولیت کا اعلان کیا۔

الیکٹرک برانچ کے ملازمین محمد سلیم، محمد وقاص محمد اوصاف فٹر، محمد ریاض ڈیزل معاون فلک شیر نے بھی شمولیت کا اعلان کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button