ریلوے ملتان ڈویژن کے ملازمین کو پرموشن دینے کا فیصلہ، کیسز فوری جمع کرانے کی ہدایت

پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ افتخار حسین کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل پرسنل آفیسر نبیلہ اسلم نے ایک اہم سرکلر جاری کیا ہے۔
جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق تمام پروموشن کیسز خواہ وہ زیرِ التواء ہوں یا پراسس میں ہوں وہ فوری طور پر مکمل کیے جائیں، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پنشن کیسز میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں ڈویژنل پرسنل آفیسر نبیلہ اسلم نے ٹرین سیفٹی کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات اور تعریفی اسناد کے لیے نامزدگیوں کا عمل تیز کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن کے مطابق، ان ہدایات کا مقصد عملے کی کارکردگی میں بہتری، بروقت ترقیوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ادارے میں شفافیت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔




















