سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ریلوے ٹریک اور اس سے متعلقہ تنصیبات کی حفاظت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات

پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ریلوے ٹریک اور اس سے متعلقہ تنصیبات کی حفاظت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان محمد حنیف گل کی ہدایات پر مختلف ڈویژنز کے ریجنل پولیس آفیسرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں متعلقہ ضلعی پولیس کو ریلوے ٹریک کے ساتھ باقاعدہ اور مؤثر گشت کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریلوے ٹریک، پلوں اور دیگر اہم تنصیبات قومی اثاثے ہیں، جن کی حفاظت کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔ اس سلسلے میں خصوصاً حساس مقامات اور پلوں کے قریب پولیس گشت کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے اور ٹرین آپریشنز کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اس ضمن میں ڈیرا غازی خان، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور سرگودھا کے ریجنل پولیس آفیسرز سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ریلوے ٹریک اور اس سے متعلقہ تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں متعلقہ کمشنرز کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ ایس آر پی پاکستان ریلوے ملتان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی پولیس کے ساتھ رابطہ رکھ کر سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے میں معاونت فراہم کریں۔



















