زکریا یونیورسٹی ملتان : سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر میں تقریب کا انعقاد

زکریا یونیورسٹی میں شعبہ سرائیکی کے سابق طلباء کے اعزاز میں سالانہ ایلومنائی پروگرام، ادب و ثقافت کا شاندار جشن منایا گیا۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ سرائیکی ایریا اسٹڈی سینٹر کے زیرِ اہتمام سابق طلبہ کے اعزاز میں سالانہ ایلومینائی پروگرام نہایت وقار، جوش و خروش اور ادبی ماحول میں منعقد ہوا، اس علمی، ادبی اور ثقافتی تقریب کا بنیادی مقصد سرائیکی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سابق طلبہ، اساتذہ اور موجودہ طلبہ کے مابین روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تقریب کا اہتمام پروفیسر ڈاکٹر رُحمیٰ حفیظ عمران (ڈائریکٹر سرائیکی ایریا اسٹڈی سینٹر)، ڈاکٹر حافظ محمد فیاض، محمد عارف رجوانہ، ایاز محمد، حامد نواز اور سلمان خان نے کیا جبکہ شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد، پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ظہور احمد دھریجہ، ملک شہباز، ڈاکٹر نعیم انجم، ڈاکٹر عبیداللہ، ڈاکٹر مقبول گیلانی، ڈاکٹر فرزانہ کوکب، ڈاکٹر منزہ حیات، ڈاکٹر نواز کاوش، ڈاکٹر سلیم تونسوی، ڈاکٹر محبوب تابش، ڈاکٹر عبداللہ، ملک محمود مہے، میاں نیاز سومرو، مسز ڈاکٹر اجمل مہار اور مسز پروفیسر قاضی عابد شامل تھے۔
خصوصی طور پر شعبہ سرائیکی کے انڈسٹریل ایڈوائزری بورڈ کے اراکین خواجہ کلیم کوریجہ، شوکت اشفاق، ڈاکٹر خالد اقبال، اسلم گورمانی، حنا چغتائی اور اطہر جہانیاں کی شرکت ہوئی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال اور ڈین فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر صہیب قدوس تھے۔
انہوں نے سرائیکی زبان و ادب کی تدریس، تحقیق اور فروغ میں شعبہ سرائیکی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز علمی روایت کے تسلسل اور نئی نسل کی فکری تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر نامور سرائیکی گلوکاروں عابد عباس، فراز اسلم کھچی، ملک شیر عباس کچھی اور غلام عباس نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ مشاعرے میں معروف شعرا مصطفیٰ خادم، ریاض عصمت، اشرف مشکور، خالد جاوید، غلام اکبر کھر، عثمان فرحت، عمران شاکر اور رمضان کاوش نے اپنا کلام پیش کیا۔




















