سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر زکریا یونیورسٹی کے وفد کا سیف سٹی ملتان کا دورہ

سرائیکی ایریا اسٹڈی سنٹر زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے پروفیسر ڈاکٹر رحمی عمران ، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عارف، ڈاکٹر سلیم اور ڈاکٹر حافظ فیاض کی قیادت میں سیف سٹی ملتان ہیڈکوارٹرز کا ایک اہم اور معلوماتی تعلیمی دورہ کیا۔
وفد کے پہنچنے پر ایس پی سیف سٹی ملتان نصراللہ وڑائچ نے گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں سیف سٹی منصوبے کے مختلف شعبہ جات، اُن کے بنیادی کردار، نگرانی کے اسمارٹ نظام اور جدید آپریشنل میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران طلبہ کو آگاہ کیا گیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کس طرح جدید ترین کیمروں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی سسٹمز اور مربوط سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے کرائم ڈیٹیکشن، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی حفاظت کو بہتر سے بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ایس پی نصراللہ وڑائچ نے بتایا کہ یہ نظام نہ صرف شہر کے حساس مقامات کی مؤثر نگرانی کرتا ہے بلکہ جرائم پیشہ سرگرمیوں کی فوری نشاندہی اور بروقت ایکشن میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
وفد کو شہری سہولت کے لیے بنائی گئی پبلک سیفٹی موبائل ایپ، ورچوئل بلڈ بینک، "میرا پیارا” اور "میری پہچان” جیسے جدید اور فلاحی اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو شہریوں کی سیکیورٹی، سہولت اور بروقت مدد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تعلیمی وفد کے طلبہ و طالبات نے اس دورے کو نہایت مفید، معلوماتی اور عملی تربیت کا اہم ذریعہ قرار دیا۔




















