گرلز کمپری ہینسیو ہائی سکول ملتان میں ایک سیمینار کا انعقاد
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب اور یونیسیف کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائی سکول ملتان میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں جنوبی پنجاب کے بچوں کے لیے تعلیم کے مختلف شعبوں میں یونیسیف کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔
یونیسیف نے اس موقع پر اپنے "ایمرجنسیز میں تعلیم” کے پروگرام، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی کی تعلیم، اور جنوبی پنجاب کے بچوں کے لیے ماحولیاتی تعلیم کے فروغ میں اپنی کوششوں کو اجاگر کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے اسپیشل سیکرٹری سکولز ڈاکٹر عبیداللہ کوکھر نے یونیسیف کے پروگرام کی اہمیت اور ان کے فوائد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیسیف کی کاوشیں جنوبی پنجاب کے بچوں کی تعلیم میں نمایاں بہتری لا رہی ہیں اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اس شراکت کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے جنوبی پنجاب کے بچوں کو معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کی جانب گامزن کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے اے ایل پی پروگرام کے تحت آؤٹ آف سکول بچوں کو دوبارہ سکول میں لانے اور سکلز سکھانے کے یونیسف کے پروگرام کو سراہا اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو سکول بھیجیں۔
اس موقع پر بچوں کے بنائے ہوئے مختلف ماڈلز بھی کا بھی جائزہ لیا گیا اور بچوں کی کاوشوں کو سراہا گیا۔