سکول مکمل فعال کرنے کا حکم؛ تمام سی اوز کو تیاری مکمل کرنے اور ملازمین کی سو فیصد حاضری کی ہدایت

پنجاب حکومت کی سخت ہدایات پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 19 جنوری 2026 کو تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے قبل تمام سرکاری اسکولوں کو مکمل طور پر فعال اور تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اس سلسلے میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام اسکولوں کے احاطوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا اور طلباء کے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ انتظامی، تعلیمی اور معاون امور کو پہلے ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تدریسی سرگرمیاں بلا تعطل شروع کی جا سکیں۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ 19 جنوری 2026 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا اور اسکولوں کے معمولات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہلی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلباء کو بروقت اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔



















