محکمہ سکولز کے پی کے وفد کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کادورہ

خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے 18 رکنی وفد نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا۔
اس دو روزہ دورے کا اہتمام یونیسکو کی طرف سے کیا گیا تھا جس کی نمائندگی سینئر سٹاف ممبران امتیاز عالم اور سعدیہ بنگش نے کی۔
اس موقع پر وفد کے ارکان سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ شاید یہ پہلا موقع ہے کہ ایک صوبائی محکمہ نے باضابطہ طور پر دوسرے صوبے کےمنصب کار محکمے کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکموں کے مابین اس طرح کی باہمی رابطہ سازی خیالات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ سیکھنے کے اشتراک کا باعث بنتی ہے، لہذا یسی سرگرمیوں کا زیادہ اہتمام کیا جانا چاہیے۔
دورے کے دوران وفد کو جنوبی پنجاب کے سکولوں میں جاری اقدامات اور پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،جس کے بعد سوال جواب کا سیشن ہوا۔
وفد کے ارکان کو ماہ نامہ ‘روشنی’ کی کاپیاں بھی تحفے کے طور پر دی گئیں، یہ میگزین سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے ‘فروغ’ پروگرام کے تحت بچوں میں مطالعہ اور تحریر نویسی کی عادت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا ہے۔
آخر میں مہمان نوازی اور یونیسکو کی طرف سے دورے کا اہتمام کرنے پر وفد نے شکریہ ادا کیا ، اور جنوبی پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو خیبرپختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کرنے اور ان کے تعلیمی پراجیکٹس کو دیکھنے کی دعوت دی۔
بعد ازاں وفد نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کے لیے ملتان میں قائم پاکستان کے پہلے اسکول کا دورہ کیا، وفد صبح نو سکول بھی گیاجہاں کام کرنے والے بچوں کو ان کے متعلقہ کام کی جگہوں پر جانے سے پہلے صبح سویرے پڑھایا جاتا ہے۔


















