محکمہ سکولز نے رجسٹریشن کےلئے نئے ایس او پیز جاری کردئیے
محکمہ سکولز نے پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد سکولوں کی بلڈنگ کی رجسٹریشن کےلئے نئے ایس اوپیز جاری کردئیے ہیں، اور بلڈنگ رجسٹریشن کی انسپکشن کی فیس بھی مقرر کردی ہے۔
نئے ایس او پیز کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفیکیٹ کیلئے آن لائن فیس جمع کرانا ہوگی، سی ای او آفس بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو لیٹر فارورڈ کرے گا۔
پرائمری سکول کےلئے کم سے کم چھ کمرے ہونا لازمی ہوں گے، مڈل سکول کےلئے 9کمرے جبکہ ہائی سکول کی رجسٹریشن کےلئے 13 کلاس رومز ہونا لازمی ہوگا، 50 طلباء کےلئے ایک ٹوائلٹ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے، جبکہ کمروں کا ہوادار ہونا لازم ہوگا اوران میں پنکھے لگے ہونا ضروری ہے۔
کمروں کی چھت پختہ ہونا لازم ہے ، سکول کی عمارت میں کچہ فرش نہ ہو، اس کی چار دیواری کم سے کم 8 فٹ بلند ہو، ایمرجنسی گیٹ ہونا بھی لازم ہے۔
جن سکولوں کی فیس ایک طالب علم کی کم سے کم 3ہزار روپے ہے، اس کی انسپکشن فیس دو ہزار روپے ہوگی ، فیس 5ہزار ہوگی تو انسپکشن فیس 5ہزار، 5سے دس ہزارروپے فیس والے سکولوں کی انسپکشن فیس 10ہزار روپے،20 ہزار روپے فیس والے سکولوں کی انسپکشن فیس 25 ہزار روپے ہوگی۔