پرائیویٹ سکولوں کے طلباء اور اساتذہ کے لئے گوگل سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

محکمہ سکول ایجوکیشن نے پرائیویٹ سکولوں میں زیرِ تعلیم طلبا اور زیرِ ملازمت اساتذہ کے لیے مفت گوگل سرٹیفکیشن پروگرام کا اعلان کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے 25 ہزار افراد مستفید ہوسکیں گے، اس پروگرام کا مقصد پرائیویٹ سکول سیکٹر سے وابستہ اساتذہ اور طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل اور آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے ہزاروں پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ اور طلبا کو گوگل کے مستند سرٹیفکیشن کورسز کروائے جائیں گے، جن میں جدید آئی ٹی اسکلز، ڈیجیٹل ٹولز اور آن لائن پروفیشنل مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گ۔
یہ سرٹیفکیشن کورسز ان پرائیویٹ سکولوں میں منعقد کیے جائیں گے جہاں جدید آئی ٹی لیبز اور مطلوبہ سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی جا سکے اس پروگرام کے ذریعے اساتذہ اور طلباء کے لیے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کے امکانات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق مفت گوگل سرٹیفکیشن پروگرام سے تعلیمی معیار بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو خود کفیل بنانے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے میں مدد ملے گی۔














