سکولوں میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کی تیاریاں

صوبہ پنجاب میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے ایمرجنسی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبہ بھر کے تمام سکولوں میں پینک بٹن نصب کرنے اور اسے فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں پینک بٹن سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، سکیورٹی خدشے یا حادثے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا جا سکے اور بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق اس سسٹم کو پبلک سیفٹی ایپ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے تمام اساتذہ اور طلبہ کو لازمی طور پر پبلک سیفٹی ایپ پر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو اور سکیورٹی اداروں کو اطلاع دی جا سکے اور مدد فراہم کی جا سکے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے تمام سکولوں میں پینک بٹن سسٹم کی تنصیب اور اس کی فعالیت کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔ سی ای اوز کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سکول سربراہان کے ساتھ رابطہ رکھیں اور اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہو سکے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پینک بٹن سسٹم پر عملدرآمد ہر صورت لازمی ہوگا اور احکامات کی خلاف ورزی یا غفلت کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہان اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سکولوں میں طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل فراہم کرنا ہے۔ اس نظام کے نفاذ سے نہ صرف سکیورٹی انتظامات بہتر ہوں گے بلکہ والدین کو بھی اپنے بچوں کے تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول فراہم ہونے کا اعتماد حاصل ہوگا۔



















