سکول میل پروگرام فیز ٹو کا آغاز

پنجاب فوڈ اتھارٹی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سکول میل پروگرام فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ملتان سمیت صوبے میں سکول میل پروگرام کے فیز II کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر کے 36 سکولوں میں 14 ہزار 100 طلبہ کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس مرحلے میں 30 سرکاری پرائمری سکولوں اور 6 لیبر ویلفیئر سکولوں کے طلبہ کو تین ماہ تک متوازن اور صحت بخش کھانا فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام کے مینو میں گوشت، دالیں، سبزیاں اور تازہ پھل شامل ہیں تاکہ بچوں کی جسمانی نشوونما اور صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔
پروگرام کے آغاز سے قبل اور اختتام پر طلبہ کی صحت کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی، تاکہ غذائیت کے اثرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
اس اقدام کا ایک اہم مقصد بچوں میں متوازن غذا اور صحت مند کھانے کی عادات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔
حکام نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں تقریباً 40 فیصد بچے سٹنٹنگ جبکہ 30 فیصد بچے اپنی عمر کے لحاظ سے کم قد کا شکار ہیں، جو فوری غذائی مداخلت کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔ اسی تناظر میں سکول میل پروگرام کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، مستقبل میں اس پروگرام کو مزید 73 لیبر ویلفیئر سکولوں تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے، جبکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ہر اسکول میں نیوٹریشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
حکام نے والدین، اساتذہ اور مقامی کمیونٹیز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پروگرام کی بھرپور حمایت کریں تاکہ بچوں کو صحت مند، مضبوط اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔



















