سکول اولمپکس گیمز : کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائل کیمپس کا آغاز 29 اکتوبر سے ہو گا
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام 8 نومبر سے منعقد ہونے والے سکول اولمپکس گیمز میں شمولیت کے لیے ضلعی سطح پر کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائل کیمپس کا آغاز 29 اکتوبر سے ہو گا۔
تین روزہ ٹرائلز میں متعلقہ اضلاع کے سرکاری سکولوں، رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں ،مدارس، خصوصی تعلیم کے اداروں اور ٹرانس جینڈر سکولوں کے طلباء و طالبات جو اپنے شہروں کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں ، ازخود بھی شامل ہو کر ہاکی ،فٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور اتھلیٹیکس کے گیمز کے لیے ٹرائلز میں حصہ لے سکتے ہیں۔
جب کہ سرکاری و نجی کالجز کے طلباء صرف بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
ٹرائل کیمپ میں آنے والے تمام طلبہ کے لے دو عدد تصاویر، ب فارم ،سپورٹس کارڈ ساتھ لانا ضروری ہو گا۔
متعلقہ اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کی طرف سے ٹرائل کے انعقاد کے لیے سلیکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں ، جن میں سپورٹس فوکل پرسن، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز،سلیکٹرز اور ٹرینرز کو شامل کیا گیا ہے۔