اساتذہ کی ترقی سے متعلق اہم نوٹیفکیشن جاری

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کی ترقی سے متعلق ایک اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بائیولوجی سے متعلق مختلف ڈگریوں کو مساوی قرار دے دیا گیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق کوالیفیکیشن ایکویویلنس ڈیٹرمنیشن کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات کی روشنی میں ایم ایس ای ، بی ایس ، اور بی ایس آنر لیول-6 اور 16 سالہ تعلیم برائے بایو کیمسٹری، اپلائیڈ مائیکرو بایولوجی، بائیو ٹیکنالوجی اور بایو انفارمیٹکس کو بائیولوجی کے مساوی تسلیم کر لیا گیا ہے یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق اساتذہ کی پروموشن کے معاملات پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس اقدام سے ان اساتذہ کو براہ راست فائدہ پہنچے گا، جنہوں نے بائیولوجی سے متعلق جدید شعبہ جات میں تعلیم حاصل کر رکھی ہے، مگر پہلے انہیں مساوی ڈگری نہ ہونے کے باعث ترقی میں مشکلات کا سامنا تھا۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کی جانب سے جاری اس اعلامیے کو متعلقہ اداروں بشمول پنجاب پبلک سروس کمیشن، ڈپٹی کمشنرز اور صوبے بھر کے سی ای اوز ایجوکیشن کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جدید سائنسی تعلیم رکھنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور تعلیمی نظام مزید مضبوط ہوگا۔




















