سرکاری سکولوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی کام جاری

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ویژن، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب خالد نزیر وٹو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں۔
سکولز ایلومینائی کے تعاون و باہمی اشتراک سے پہلے مرحلے میں ضلع ملتان میں ایک کروڑ 20 لاکھ کی خطیر رقم سے مختلف سکولوں میں ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں، دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے ضلع ملتان کے سرکاری اسکولوں میں سات اضافی کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں معروف سماجی دانشور اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد سبطین رضا لودھی، سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد ، ڈائریکٹر ریسرچ سینٹر سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ ذکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق، سابق سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان، ڈسٹرکٹ افیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان محمد ذیشان، سابق ڈی ای او سیکنڈری سکولز ملتان شیخ محمد رفیق، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول جگو والا تحصیل جلال پور محمد اسلم خان قیصرانی، سابق پرنسپل رانا جاوید مصطفی، سماجی رہنما پروفیسر طارق شاہ قادری اور محمد عمران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم میں بہتری اور شرح خواندگی میں اضافہ اولین ترجیح ہے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان اور ڈپٹی کمشنر حامد وسیم سندھو کی رہنمائی میں سرکاری سکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکومت پنجاب کی نئی تعلیمی اصلاحات کی روشنی میں سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس سال تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک سالانہ امتحان 2025 سائنس گروپ میں گورنمنٹ مسلم ماڈل گرلز ہائی سکول کلمہ چوک ملتان کی طالبہ حافظہ عاشبہ فاطمہ نے 1187 نمبر لے کر ملتان بورڈ میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کی ہے جو سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کی بہتری کی جانب ایک خوش آئند قدم اور لائق تحسین عمل ہے ۔
انہوں نے گورنمنٹ مسلم ماڈل گرلز ہائی سکول ملتان کی پرنسپل، ٹیچرز اور حافظہ عاشبہ فاطمہ کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ حافظہ عاشبہ فاطمہ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔
حافظہ عاشبہ فاطمہ کو اس شاندار کامیابی پر 14 اگست کو پروقار تقریب میں تعریفی سند اور ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔
100 فیصد امتحانی نتائج کے حامل سرکاری سکولوں کے ہیڈز کو بھی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔




















