فرضی اعداد و شمار پیش کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عہدے سے فارغ

رولز آف بزنس میں ترمیم اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو اختیارات کی منتقلی کے بعد سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا ضلع رحیم یار خان کا دورہ، سکول ایجوکیشن کی مختلف سکیموں اور پراجیکٹس کا معائنہ، ناقص کارکردگی اور فرضی اعداد و شمار پیش کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رولز آف بزنس میں ترمیم اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو اختیارات کی منتقلی کے بعد پہلی مرتبہ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سکول ایجوکیشن کی مختلف ترقیاتی سکیموں اور پراجیکٹس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ترقیاتی سکیموں اور پراجیکٹس کی معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ناقص کارکردگی اور بریفنگ کے دوران فرضی اعداد و شمار پیش کرنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل، ایلیمنٹری) غلام عربی نوید کو عہدے سے فارغ کر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سکینڈری) کستورہ جی شاد کو اضافی چارج سونپ دیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول بھیل نگر کا اچانک معائنہ کیا اور ای سی ای روم کی ناگفتہ بہ حالت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او سے رپورٹ طلب کر لی۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو سکول ایجوکیشن کی ترقیاتی سکیموں، ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے پراجیکٹس، سپورٹس کے حوالے سے اقدامات اور گرین اینڈ گرے پروگرام پر مصدقہ رپورٹس ایجوکیشن سیکرٹریٹ بھیجنے کو احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق بھی دورہ رحیم یار خان کے موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن جنولبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار کے ہمراہ تھے۔

















