سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ڈیرہ اور بہاولپور کے ڈائریکٹرز کالجز کی سرزنش

جنوبی پنجاب کے کالجز کے مسائل کو حل کرنے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کی مختلف اسکیموں پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے اجلاس ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کی ۔
اجلاس میں ڈائریکٹرز کالجز نے اپنے ڈویژن کی کاکردگی رپورٹ پیش کی، ملتان ڈویژن کی رپورٹ کا سراہا گیا کہ 91کیسز کا فیصلہ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں کیاگیا، کالجز پروفیسرز کی پنشن اور ٹرانسفر جیسے معاملات بھی ملتان حل کرائے گئے ان کے فنڈز کا استعمال بھی 98فیصد سے زائد رہا۔
جبکہ ڈیرہ ڈویژن اور بہاولپور ڈویژن کی کارکردگی ناقص رہی اور تاحال اپنے کیسز لاہور سیکرٹریٹ ارسال کرنے پر سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ۔
سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کردیا ہے ایسے میں کیسز کو لاہور کیوں بھجوایا جارہا ہے، جس کی وجہ اساتذہ کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ ان کے پراجیکٹس بھی سست روی کا شکار ہیں ۔
انہوں نے دونوں ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ساتھ لیکر چلیں اور کیسز کو ملتان ارسال کریں ۔
اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں ہائیرایجوکیشن کے جاری و نئے منصوبوں ،جنوبی پنجاب کے تمام کالجز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں سمیت فنڈز کے استعمال اور دیگر معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہائیرایجوکیشن کی اسکیموں پر کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کی نگرانی کرنے کے لیے ملٹی ڈیپارٹمنٹ اسپیشل باڈی تشکیل دی جائے ۔
انہوں نے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرزکو کالجز کی بہتری کے لیے عمومی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عطاءالحق، ایڈیشنل سیکرٹری (ہائیرایجوکیشن) ڈاکٹر فرید شریف، ڈپٹی سیکرٹری (ہائیرایجوکیشن) جام آفتاب حسین اورڈپٹی سیکرٹری (پلاننگ) محمد فیصل شہزادسمیت ہائیرایجوکیشن اور محکمہ بلڈنگز کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔



















