سیکرٹری سکولز جنوبی پنجاب کی جائیکا کی چیف ایڈوائزر سے ملاقات
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کی لاہور میں جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کی چیف ایڈوائزر چی ہو او ہاشی سے ملاقات، محنت کش بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے قائم صبح نو سکولوں کے منصوبے کو وسعت دینے اور تدریسی معیار بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اسکول جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے گزشتہ روز لاہور میں جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کی چیف ایڈوائزر چی ہو او ہاشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، دوطرفہ ملاقات میں محنت کش بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے قائم صبح نو سکولوں کے منصوبے کو وسعت دینے، تعلیمی معیار بہتر بنانے اور ایکسیلیریٹڈ لرننگ پروگرام کے تحت اساتذہ کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے جائیکا کی چیف ایڈوائزر کو محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے اٹھائے جانے والے انیشی ایٹیوز بارے آگاہ کیا۔
جائیکا کی چیف ایڈوائزر چی ہو او ہاشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزدور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں صبح نو سکول انقلابی کردار ادا کر رہے ہیں، صبح نو سکول پراجیکٹ کی جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع تک رسائی سے اس خطے میں تعلیمی پسماندگی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) جنوبی پنجاب میں تعلیمی ترقی کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ساتھ معاونت جاری رکھے گی۔