سیکرٹری سکول کا ملتان کا سرپرائز وزٹ، بڑے فیصلے سنا دیئے

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب کا ملتان کے سکولوں کا سرپرائز وزٹ، اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت، کوالٹی ایجوکیشن اور اساتذہ کی حاضری کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا فیصلہ
تفصیل کے مطابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومتِ پنجاب مدثر ریاض ملک نے ملتان کے مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی، انتظامی اور تدریسی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کی حاضری، طلباء کی کلاس روم میں موجودگی اور تعلیمی ماحول کو جانچا اور متعدد معاملات میں موقع پر ہی اصلاحی ہدایات جاری کیں۔
اس کے بعد سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی شعبے کے اہم ترجیحی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تیاریوں، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور طلبہ کے لیے محفوظ و سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر واہگہ نے بریفنگ دی جس کے بعد اجلاس کے دوران کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ اور اساتذہ کی حاضری کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا اہم فیصلہ کیا گیا۔
اس ضمن میں ہدایت دی گئی کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر افسران اسکولوں کے باقاعدہ دورے کریں گے، جبکہ اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی حاضری کو جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر جانچا جائے گا، ناقص کارکردگی اور غیر حاضری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
اجلاس میں اسکول میل پروگرام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں غذائیت، معیار، شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطرناک اور خستہ حال اسکول عمارتوں کی نشاندہی اور ان کی فوری مرمت یا متبادل انتظامات کے حوالے سے بھی واضح ہدایات جاری کی گئیں تاکہ طلبہ کی جان و مال کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
طلباء کے داخلوں میں اضافے، اسکول چھوڑنے کے رجحان میں کمی اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ محکمہ تعلیم کے تحت جاری دیگر منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دورانِ دورہ، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک نے اسکولوں میں اساتذہ اور انتظامی عملے سے براہِ راست بات چیت کی اور سروس ڈیلیوری اور تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور طلبہ کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور کوالٹی ایجوکیشن کے اہداف کے حصول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔



















