بلوچستان کے سیکرٹری سوشل ویلفیئر و لٹریسی کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ کا دورہ
بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر و لٹریسی لطیف خان کاکڑ نے گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق اور آغا ظہیر عباس شیرازی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا ، اور انہیں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام شروع کیے جانے والے اہم پراجیکٹس اور تعلیمی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی اور اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد محکمہ تعلیم نے اس خطے کے گیارہ اضلاع میں تعلیمی ترقی کے لیے گراں قدر کام کیے، اور اہم منصوبے مکمل کیے۔
ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے دورہ پر بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری کو سکول اولمپکس، سکول ہاکی لیگ، صبح نو سکول، خواجہ سرائوں کے لیے قائم سکولوں کے پراجیکٹ، ماہنامہ روشنی میگزین، گرین بک اور دیگر اہم منصوبوں بارے خصوصی طور پر تیار کردہ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کر کے بے پایاں مسرت کا احساس ہوا۔
میں یہاں سے نئے آئیڈیاز لے کر جا رہا ہوں جسے بلوچستان میں تعلیمی ترقی کے لیے اپنایا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور فیصل شہزاد سمیت دیگر تعلیمی افسران بھی موجود تھے۔