زکریا یونیورسٹی میں سیکورٹی الرٹ جاری، عقبی گیٹ بند کردئے گئے، نئے ایس او پیز جاری

زکریا یونیورسٹی سمیت صوبے کی تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیوں میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
سی سلسلے میں زکریا یونیورسٹی میں سیکورٹی الرٹ جاری کیاگیااور اس کے بعد مرکزی گیٹ کے سوائے تمام داخلی وخارجی دروازے بند کردئے گئے اور سب افراد کو مرکزی گیٹ سے گزرنے کی ہدایت کی گئی۔
الرٹ جاری ہونےاور گیٹ بند ہونے پر ٹیچر کمیونیٹی کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا اورانہوںنے سیکورٹی حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ،اور گیٹ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ اساتذہ کا پنجاب حکومت کی ہدایت پربھی بتایاگیا مگرگیٹ کھلنے کا مطالبہ تاحال برقرار ہے۔
دوسری طرف پنجاب حکومت کی ہدایت پر ایچ ای ڈی نے یونیورسٹیوں میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کےلئے ایس اوپیز جاری کردئے جن میں کیمپس کی نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی جانچ، سیکیورٹی اسٹاف کی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق یونیورسٹیوں کے مرکزی دروازوں پر واک تھرو گیٹس کی فعالیت لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ ہر آنے جانے والے فرد کی بائیو میٹرک یا شناختی تصدیق یقینی بنائی جائے گی۔
کیمپس کے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے 24 گھنٹے ریکارڈنگ کے ساتھ فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں کام کرنے والا تمام سیکیورٹی عملہ تربیتی کورسز مکمل کرے اور دوران ڈیوٹی مناسب سامان—جیسے میٹل ڈیٹیکٹر، ہینڈ ہیلڈ اسکینر اور کمیونیکیشن ڈیوائسز—استعمال کرے۔ اس کے علاوہ کیمپس میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ اور رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے ایس او پیز میں طلبا، فیکلٹی اور وزیٹرز کے لیے بھی گائیڈ لائنز شامل ہیں جن کے مطابق بغیر شناخت کے کسی فرد کو کیمپس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ غیر متعلقہ افراد کے داخلے کو روکنے کے لیے یونیورسٹی گارڈز کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔
مزید برآں، کیمپس میں ایمرجنسی رسپانس سسٹم بہتر بنانے، ہنگامی صورتحال میں رابطہ کار افسر تعینات کرنے، اور یونیورسٹی کے اندر مشکوک سرگرمیوں کی فوری رپورٹنگ کا نظام بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
تمام وائس چانسلر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ایس اوپیز کے مطابق اقدامات کرنے کے بعد تصاویر اورفوٹیج کے ساتھ رپورٹ ایک ہفتے کے اندر جمع کرائیں جبکہ ہرمہینے سیکورٹی آڈٹ رپورٹ 5 تاریخ سے قبل ارسال کی جائے۔
ان سیکیورٹی اقدامات پر فوری اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، اور کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان اقدامات کا مقصد طلبا، اساتذہ اور یونیورسٹی اسٹاف کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں کسی خوف کے بغیر جاری رہ سکیں۔



















