ایشیاء کپ 2023 : ٹیموں کی آج آمد؛ تیاریاں جاری، سیکورٹی الرٹ، ٹریفک پلان جاری
ملتان میں ایشیاء کپ کی تیاریاں عروج پر ہیں، مگر ہفتے کی دوپہر کو آنے والی تیز بار ش نے تیاریاں کو دھچکہ لگا دیا، بارش کا دورانیہ غیر متوقع طور پر طویل ہوگیا، اور تیز بارش سے گراونڈ میں پانی اکٹھا ہوگیا، عملے نے وکٹ کو "کور” تو کیا مگر تیز بارش سے پچ متاثر ہوئی۔
گراونڈ عملے کا کہناہے کہ میچ میں ابھی چار روز باقی ہیں، تیز دھوپ نکل آتی ہے تو دو روز میں وکٹ تیار ہوجائے گی، جبکہ گراونڈ میں پانی کا نکاس کردیا گیا ہے، 28 آگست کو ٹیموں کو پریکٹس کے لئے تمام انتظامات مکمل ملیں گے ۔
دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایشیاء کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور روٹس پر صفائی ستھرائی اور روڈز مرمت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گزشتہ روز بھی ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹس پر بھرپور صفائی آپریشن کیا۔
چیف ایگزیکٹو افیسر ملتان ویسٹ کمپنی شاہد یعقوب نے بتایا کہ کرکٹ میلے کے دوران شہر کی بھرپور صفائی کے لیے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اپنی تمام مشینری کو آن روڈ کر دیا ہے تاکہ مہمان ٹیموں اور کرکٹ شائقین کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
گزشتہ روز ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی ورکشاپ میں موجود تمام خراب اور قابل مرمت لوڈرز اور ڈمپرز کو فنکشنل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے۔
مینیجر ورکشاپ محمد حسن کی سربراہی میں ورکشاپ عملے نے کرین اور ایکساویٹر سمیت آپریشن فیلٹ کو فنکشنل کرکے آپریشن ٹیم کے حوالے کیا۔
چیف ایگزیکٹو افیسر شاہد یعقوب نے مزید بتایا کہ کرکٹ میلے کے دوران کمپنی کا تمام عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا ۔
علاوہ ازیں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے لئے ٹیمیں آج ملتان پہنچیں گی، پاکستان ٹیم کولمبو سے براہ راست ملتان آئے گی، افغانستان سے سیریز جیتے کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند ہے جبکہ نیپال کی ٹیم کراچی سے ملتان پہنچے گی، ٹیموں کی سیکورٹی کےلئے پلان تیار کرلیاگیا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔