Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زکریا یونیورسٹی : چوریوں میں سیکورٹی گارڈز کے ملوث ہونے کا انکشاف، کھوجی کتوں سے مدد لینے کا فیصلہ

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں حالیہ عرصے کے دوران بڑھتی ہوئی چوریوں کے معاملے نے انتظامیہ اور طلباء دونوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

مختلف شعبہ جات، لیبارٹریوں اور ہاسٹلز سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

تحقیقات کے ابتدائی مراحل میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ یونیورسٹی کے بعض سیکورٹی گارڈز بھی ان وارداتوں میں ملوث ہو سکتے ہیں، انتظامیہ کے مطابق داخلی سیکیورٹی میں نقائص اور مشکوک حرکات کی نشاندہی کے بعد متعلقہ گارڈز سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے، چوریوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی وارداتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اب کھوجی کتوں کی مدد سے تفتیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ اصل ذمہ داروں تک پہنچا جا سکے اور مزید واقعات کو روکا جا سکے۔

علاوہ ازیں بائیو کیمسٹری میں ہونے والی چوری میں سیکورٹی گارڈ عرفان شعبان کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آگئے، آر او ڈاکٹر مقرب اکبر کاکہنا ہے کہ چوریوں کی تفتیش پولیس کے حوالے کردی گئی ہے جس میں مزید انکشاف کا امکان ہے، واردات کے موقع پر ملنے والے شواہد نے ثابت کردیا ہے کہ چوریوں میں گارڈز ملوث ہیں، تفتیش مکمل ہوتے ہیں قانونی کارروائی کاعمل شروع کردیں گے۔

دوسری طرف طلباء نے چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جلد نہ صرف حقائق سامنے لائے جائیں گے بلکہ آئندہ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button