زکریا یونیورسٹی کی پروفیسر کو سیکورٹی تھریٹ، نفری فراہم کرنے کا حکم آگیا

پولیس حکام نے زکریا یونیورسٹی کی پروفیسر کو فوری طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے میں سینئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس نے جان سے مارنے کی دھمکیوں اور مبینہ مجرمانہ دباؤ کے معاملے پر فوری قانونی کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کی زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کے شعبہ فاریسٹری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ افضل کی آر پی او ملتان اور سی پی او کو ایک درخواست جمع کرائی گئی تھی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ تھانہ ڈی ایچ اے ملتان میں درج ایف آئی آر نمبر 490/25 مورخہ 30-09-2025 بجرم دفعہ 376 پی پی سی کی مدعیہ اور متاثرہ فریق ہیں، جبکہ درخواست میں ڈاکٹر احسان قادر بھابھا کو نامزد کیا گیا ہے، جو ان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے، اس معاملے کو ایک حساس نوعیت کے صنفی جرم کے تناظر میں دیکھا جائے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
جس پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے مراسلہ جاری کیا ہے تاکہ سکیورٹی اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سے شکایت کو فوری توجہ دی جائے اور حساس صنفی جرائم کی وجہ سے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں۔




















