ایمرسن یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کی فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس الغزالی ہال میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں طلبہ و طالبات نے نعتیہ کلام پیش کیا اور حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس پر عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سہیل رضا چوہان، سیرت چیئر کے انچارج ڈاکٹر محمد عرفان جاوید، ڈاکٹر انعام الٰہی، ڈاکٹر بینش ذہین اور ڈاکٹر زاہد نے کہا کہ نوجوان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اختیار کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ آپ ﷺ پوری انسانیت کے لیے کامل رول ماڈل ہیں، آپ کی سیرت و سنت بزمِ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور رہنمائی کا روشن مینار ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور اکرم ﷺ کی آمد کو بنی نوع انسان پر احسان قرار دیا ہے۔ آپ ﷺ کی بدولت گمراہی اور ضلالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور کائنات نورِ حق سے منور ہوگئی۔ رسول اکرم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور ناموسِ رسالت ہماری جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عرفان جاوید نے عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی، اس موقع پر اساتذہ کرام ڈاکٹر بینش رضا، ڈاکٹر روبیہ فاطمہ ،ڈا کٹر حرا نزیر، ڈاکٹر ثمینہ ناز، محمد سلیم، ضیاء الرحمن،سید وقاص شاہ، مس سعدیہ سمیت کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔



















