بہت جلد پاکستان سے سود جیسی لعنت ختم ہوجائیگی : ڈاکٹر حنیف اختر
بہا الدین زکریا یونیورسٹی کامرس ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حنیف اختر نے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستان سے سود جیسی لعنت ختم ہوجائیگی، اس کیلئے تعلیمی اداروں کے سربراہ اساتذہ طلبہ اور علما کرام اپنا کردار ادا کریں۔
ہم سب کو ملکر سودی نظام کو ختم کرنا ہے آج ہماری حکومت بھی اس کو ختم کرنے کے بارے میں اقدامات کررہی ہے، اور بہت سارے بنک بھی اسلامک بیکنگ کی طرف آرہے ہیں ، کامرس ڈیپارٹمنٹ میں باقاعدہ لیکچر دئیے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الفلاح بنک کے اشتراک سے سودی نظام کے خاتمہ کیلئے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرمسعود الحسن نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے تو جلد سے جلدسودی نظام کو ختم کرنا ہوگا، دنیا کے 58 اسلامی ملکوں میں سے چند ملک ہیں، جو سودی نظام پر چل رہے ہیں۔
آج وقت ہے کہ ہم نوجوان نس کو سود جیسی لعنت کے بارے میں بتائیں، اور طلبہ اسکے خاتمہ کے لئے مہم چلائیں ، طلبہ نے پاکستان بنانے میں اپنا بہترین کردار ادا کیا تھا آج سودی نظام کے خاتمہ کیلئے طلبہ میں وہی جذبہ پید اکرنا ہوگا۔
طلبہ کو چاہیے کہ قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں، اور قرآن و حدیث پر عمل کرکے اپنی زندگی گزاریں اللہ تعالی نے تجارت کو حلال اور سود کو حرام قرار دیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر اے بی خان نے کہا کہ اسلامک بینکنگ سود کے خاتمہ کی طرف ایک اچھا اقدام ہے، ہمارے بینک اسلام کے مطابق چل پڑے تو تمام ادارے ترقی کرینگے اور اللہ تعالی کی مدد بھی شامل ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر ذیشان محمود نے کہا کہ زکریا یونیورسٹی کی انتظامیہ کو چاہیے کہ تمام شعبہ جات میں سود کے خلاف لیکچر کا اہتمام کریں، اور اسکے خاتمہ کیلئے مہم چلائے ۔
تقریب میں مس فاطمہ، محمد یاسر طاہر خان،سید نعیم گیلانی پی ایچ ڈی سکالر و دیگر اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔