پاکستانی آئین و قانون میں خواتین کے حقوق بارے سمینار

شعبہ سیاسیات، بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتما م ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے بین الاقوامی یوم خواتین ۸ مارچ کے سلسلے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔
سیمینار کا عنوان پاکستانی آئین و قانون میں خواتین کے حقوق تھا۔
سیمینار کے مقررین خصوصی میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن ایڈووکیٹ سپریم کورٹ حنا جیلانی اور معروف آرٹسٹ سلیمہ ہاشمی تھیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا جیلانی نے کہا کہ خواتین کے حقوق پاکستانی آئین میں موجود ہیں۔ قانونی طور پر خواتین کو حقوق دینے کے لیے پاکستان کے قانون میں ادارے بھی بنائے گئے ہیں ۔ تاہم معاشرے میں خواتین کے حقوق کا شعور نہیں ہے ۔
خاتون کے حقوق اس وقت تک محفوظ نہیں ہوسکتے جب تک معاشرے میں ان حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا نہیں ہوتی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو راکبر کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ خواتین کے حقوق کے لیے ہمیشہ عملی طور پر سرگرم رہے ہیں، پس ماندہ علاقوں خصوصا بلوچ ، پشتون علاقوں میں انہو ںنے خواتین کی تعلیم کے لیے عملی اقدام کیے۔
انہوں نے اس کو وقت کی ضرورت قرار دیا کہ مرد و عورت کے معاشرتی کردار میں باہمی عزت کو فروغ دیاجائے، اور خواتین کو معاشی ترقی کے لیے مواقع مہیا کیے جائیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیدہ نواز نے کہاکہ خواتین کے عالمی دن کا مقصد ایک توازن پر مبنی معاشرے کا قیام ہے جس میں مرد و عورت کے مابین عدم مساوات و تفریق کا خاتمہ ہے۔
معروف اسلامی سکالر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کہاکہ اسلام نے عورت اور مرد میں تفریق نہیں کی ہے اور برتری کا معیار صرف تقوی کو قرار دیا لیکن مسلمان معاشرے اسلامی تعلیمات کے برخلاف عورتوں کو مساوی حقوق دینے کے خلاف ہیں ۔
عورت کی زندگی کے آغاز سے ہی گھر میں ناانصافی کا آغاز ہوجاتا ہے۔ بیٹے کو بہتر تعلیم دی جاتی ہے اور بیٹی کا تعلیم کا حق بھی بعض جگہوں پر محفوظ نہیں ہے۔
سیمینار کی مہمان اعزاز محترمہ سلیمہ ہاشمی نے مثالی خاتون کے طو رپر اپنی والدہ ایلس فیض کا زکر کیا کہ فیض احمد فیض کی زندگی کے انتہائی اہم مرحلے میں وہ کس طرح اپنے شوہر کے قانونی حقوق کے لیے جنگ لڑتی رہیں۔
محترمہ سلیمہ ہاشمی نے کہاکہ صرف آج کا دن ہی یوم خواتین نہیں زندگی کا ہر دن عورتوں کا دن ہے۔
چیئرمین شعبہ سیاسیات ڈاکٹر مقرب اکبر نے محترمہ حنا جیلانی اور محترمہ سلیمہ ہاشمی کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ ایسے معاشرے ترقی نہیں کرسکتے جہاں عورتوں کے حقوق محفوظ نہ ہوں۔
ریاستوں کی بقاء اور ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔
خواتین کے حقوق کی جدوجہد میں مردوں اور عورتوں دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سیمینار میں بڑی تعداد میں ماہرین تعلیم اور طالبات نے شرکت کی۔
سیمینار کے اہم شرکاو میں ڈاکٹر عمر چوہدری ، ڈاکٹر صوفیہ عمر ، ڈاکٹر ارم اعوان ، فیصل تنگوانی ایڈووکیٹ، ایچ آر سی پی کونسل ممبر نذیر احمد ، ڈاکٹر زرمینہ تسلیم ، ڈاکٹر عمران پاشا اور ڈاکٹر شاہد بخاری شامل تھے۔



















