زکریا یونیورسٹی مین کیمپس میں شٹل سروس شروع کردی گئی

زکریا یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ آفس نے طلباء کی سہولت کے لیے کیمپس کے اندر شٹل سروسز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام شعبہ جات، انسٹیٹیوٹس اور سینٹرز کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس شیڈول کو طلبہ تک پہنچائیں اور اپنے نوٹس بورڈز پر آویزاں کریں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شٹل سروسز کا مقصد طلباء کو کیمپس کے مختلف مقامات تک محفوظ، بروقت اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
شٹل نمبر 1 مین گیٹ بوسن روڈ سے صبح 8:00 بجے، 8:30، 9:00، 9:30، 9:55 اور 11:30 بجے روانہ ہوگی جو بینک چوک، آئی ایم ایس، بائیو کیم، فائن آرٹس کالج، خدیجہ ہال، ڈی وی ایم فیکلٹی، فوڈ سائنس/لاء کالج چوک، انجینئرنگ فیکلٹی اور ایگری کلچر فیکلٹی سے گزرتی ہوئی ایگری گیٹ تک پہنچے گی۔
شٹل نمبر 2 ایگری گیٹ سے صبح 9:00 بجے، 9:30، 10:30، 12:00 بجے اور 1:00 بجے دستیاب ہوگی جبکہ سہ پہر 3:00 اور 3:30 بجے فوڈ فیکلٹی سے مین گیٹ تک خصوصی سروس فراہم کی جائے گی۔
یہ شٹل ایگری فیکلٹی، فوڈ سائنس/لاء کالج چوک، انجینئرنگ فیکلٹی، ڈی وی ایم فیکلٹی، خدیجہ ہال، آمنہ، مریم اور عائشہ ہالز، زیرو پوائنٹ اور بینک چوک سے ہوتی ہوئی مین گیٹ تک پہنچے گی۔
ٹرانسپورٹ آفیسر چوہدری محمد اکرم نےکہا ہے کہ طلباء کی سہولت اولین ترجیح ہے اور شٹل سروسز کو مزید بہتر اور منظم بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ طلبہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کیمپس میں سفری مشکلات واضح طور پر کم ہوں گی اور تعلیمی سرگرمیوں میں بروقت شرکت ممکن ہوگی۔




















