سوئی گیس حکام کی خود ساختہ شیڈول کی سختی سے تردید

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ملتان ریجن کی انتظامیہ نے بورے والا کے مختلف علاقوں، بشمول ایکس بلاک، میں گیس کی معطلی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نئے "خود ساختہ” شیڈول کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
ترجمان سوئی گیس کے مطابق حکومتِ پاکستان اور متعلقہ وزارت کی واضح ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں وفاقی حکومت کے دیئے گئے شیڈول کے مطابق بلا تعطل گیس کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔
بورے والا کے جن بلاکس میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی، وہ محض عارضی تکنیکی خرابی کی وجہ سے تھی جسے اب مکمل طور پر درست اور بحال کر دیا گیا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا اور مختلف گروپس میں گردش کرنے والا "رمضان گیس شیڈول” سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہے کیونکہ محکمہ کی جانب سے ایسا کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ نے صارفین کی سہولت کے لیے واضح کیا ہے کہ ہم نے شکایات کے انتظام اور ان کے فوری ازالے کا ایک جامع اور مضبوط نظام وضع کیا ہے جس میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہر شکایت کا حل متعین کردہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔
عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی گمراہ کن افواہوں پر کان نہ دھریں اور گیس کی فراہمی میں کسی بھی پریشانی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہمارے ایمرجنسی نمبر 1199 پر رابطہ کریں، انتظامیہ سوئی گیس ملتان ریجن صارفین کو سحر و افطار میں بہترین پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔



















