ایمرسن یونیورسٹی میں کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی

ایمرسن یونیورسٹی میں یوم قراردادِ کشمیر کی مناسبت سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو منظور کی جانے والی قراردادِ کشمیر، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت ہر لمحہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے مزید کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ان کا عزم و حوصلہ آج بھی قائم ہے۔
انہوں نے طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی قلم، آواز اور تحقیق کو استعمال کریں۔
تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔




















