زرعی یونیورسٹی میں ساؤتھ پنجاب ایگریکلچر فورم کی میٹنگ
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز)کی زیر صدارت ساؤتھ پنجاب ایگریکلچر فورم کی میٹنگ منعقد ہوئی۔
اس میٹنگ کا بنیادی مقصد جنوبی پنجاب میں ایگریکلچر ونگ کے تمام اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون اشتراک کے منصوبوں کی حکمت عملی بنانا تھا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل ظہور نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کی بقا کیلئے جدید زرعی منصوبے متعارف کرانا ہوں گے۔
زرعی ترقی کیلئے محکمہ زراعت اور زرعی یونیورسٹی ملتان کو ملکر کام کرنا ہوگا۔زراعت کو در پیش مسائل کا حل سائنسدانوں اور زرعی یونیورسٹیوں کی فیکلٹی کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسرچ کو فروغ دیا جائے۔گورنمنٹ زرعی فارمز کی بہتری کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنائی جائے اور اسے کاشتکاروں کیلئے عملی نمونہ کے طور پر پیش کیا جائے۔
انہوں نے مذید کہا کہ زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے حصول کے لئے محکمہ کے تمام شعبہ جات کو منظم ومربوط کوشش کے ذریعے مقررہ اہداف حاصل کرنے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں کی کاکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 68 ہزار 672 ملین روپے کہ لاگت سے پنجاب ریز یلینٹ اینڈ انکلوسیو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، لہٰذاپانی کے بہتر اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے جاری بچت سکیموں کے بارے میں کاشتکاروں کومکمل آگاہی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق زرعی مشینری امپورٹ کرکے ریورس انجینئرنگ کی جائے تاکہ کاشتکار اس ٹیکنالوجی سے مستفید ہوسکیں۔زرعی یونیورسٹی اور محکمہ زراعت ملکر کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کے استعمال بارے باقاعدگی سے ٹریننگ پروگرامز منعقد کرائیں۔
اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹرآصف علی نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی ملتان اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہےگی۔ہائی ویلیواثیگریکلچر کو فروغ دیکر نہ صرف کاشتکاروں کی خوشحالی بلکہ ملکی معیشت بھی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔
مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان کاشتکاروں کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔مزید بہتری کے لئے ایگریکلچر ساؤتھ پنجاب فورم کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
جوائنٹ وینچر کے تحت نئی سکیمیں شروع کی جائیں اور طویل مدتی بزنس پلان بنائے جائیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ زراعت جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ،سید نوید عالم،پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید،پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار، ڈاکٹر بنیامین رانا سمیت دیگر افسران و فیکلٹی ممبران موجود تھے۔