جوئے خانوں منشیات فروشوں اور جسم فروشی کے اڈوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے جوئے خانوں منشیات فروشوں اور جسم فروشی کے اڈوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ جوئے خانے معاشرے میں بد امنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، منشیات فروشی اور جسم فروشی مکروہ دھندہ ہے جو معاشرے میں بے حیائی اور بد چلنی پھیلا رہے ہیں اور یہ گھٹیا سرگرمیاں معاشرے کا امن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے درپے ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے جرائم کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پولیس دن رات میدان عمل میں ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کو قانونی اختیارات استعمال کر کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کی ہدایت کی ہے ۔
اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے تمام آر پی اوز اور ڈسٹرکٹ پولیس سربراہان کو باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے ۔
ڈاکٹر احسان صادق نے کہا رحیم یار خان، راجن پور کچہ کے علاقہ سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں آپریشن البدر شروع ہے ، اور 3300 سے زائد ریکارڈ یافتہ مجرمان بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرم اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن کامیاب بنانے کے لیے کچہ کے علاقہ میں تمام ضروری وسائل بھی مہیا کیے جا رہے ہیں۔


















