برٹش کونسل کے انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے لیے جنوبی پنجاب کے 600 اسکولوں کا انتخاب
سکولوں میں ایکسکلوسیو ایجوکیشن کے فروغ اور سکولوں میں انتظامی و تدریسی امور بہتر بنانے کے لیے برٹش کونسل کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور جنوبی پنجاب کے 1500 سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز کو اسکول کنیکٹ: انسٹرکشنل لیڈر شپ پروگرام کے تحت ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ٹریننگ دینے کا اہتمام کیا گیا۔
پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی معاونت و اشتراک سے ٹریننگ کے لیے جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع سے 600 سکولوں کا انتخاب کیا گیا جن میں ہر ضلع سے 40 گرلز اور 10 بوائز اسکول منتخب کیے گئے، جہاں ایکسکلوسیو ایجوکیشن کی ضرورت تھی۔
اس سلسلے میں برٹش کونسل کی طرف سے انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دینے کے لیے ایک تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر تھے، تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق سمیت محکمہ تعلیم کے حکام اور برٹش کونسل کے ایجوکیشنل پارٹنر موجود تھے۔
اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ اساتذہ کا جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی سکلز سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت ہونے والی ٹریننگ سے اساتذہ مستقبل میں بہتر انداز سے اسکول و تدریسی عملے کی قیادت اور انتظامی امور سرانجام دے سکیں گے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 1500 سکولوں میں جنوبی پنجاب کے 600 سکولوں کا انتخاب اور 140 اساتذہ کی لیڈرشپ ایکسیلینس ایوارڈز کے لیے نامزدگی محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور اس خطے کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
اس موقع پر برٹش کونسل کے حکام کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بتایا گیا کہ انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کا مقصد پڑھانے اور سکھانے کے عمل کو بہتر بنانا ہے، انسٹرکشنل لیڈرشپ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک اچھا اور موثر لیڈر سکول کے تدریسی عمل اور اس کے نتائج میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ پروگرام درحقیقت ٹیچرز کی تدریسی مہارتوں کو نکھارتا ہے اور انہیں اس قابل بناتا ہے کہ وہ جدید دور کے تدریسی چیلنجوں سے بہتر طور پر نبرد آزما ہو سکیں۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسٹرکشنل لیڈرشپ پروگرام کے تحت ہیڈ ٹیچرز کی ٹریننگ کے مراحل آٹھ ماہ تک جاری رہے۔
سیشن کے اختتام پر سکول سربراہان نے اپنے سکول کی بہتری کا ایکشن پلان اور اپنے نافذ کردہ پروجیکٹ کے نتائج پیش کیے اور لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ کے لیے اپنی خود کی نامزدگی جمع کرائی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ برٹش کونسل کے جائزے کے بعد کامیاب سربراہان کو لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔