سکولوں میں سیکورٹی معاملات کی مانیٹرنگ کے لئے کمیٹیوں کی تشکیل

حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس اوپیز)پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ان کمیٹیوں میں محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے جو سرکاری اور نجی اسکولوں کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔
کمیٹیاں اسکولوں کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور تربیت، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت، وزیٹر رجسٹر کے اندراج، بائیو میٹرک نظام، ہنگامی انخلا کے منصوبے اور عمارتوں کی چار دیواری و گیٹس کی مضبوطی جیسے امور کا جائزہ لیں گی۔
حکام کے مطابق معائنے کے بعد جامع رپورٹ متعلقہ اتھارٹیز کو ارسال کی جائے گی اور جہاں سیکیورٹی انتظامات ناکافی پائے گئے وہاں فوری بہتری کے احکامات جاری کیے جائیں گے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ اور پُرامن تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔



















