کشمیر ڈے پر سپیشل پرسن کے میچز کا انعقاد
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام سوسائٹی فار سپیشل پرسن کے تعاون سے یوم کشمیر کے سلسلہ میں فیصل آباد وہیل چئیر ہینڈ بال ٹیم اور ملتان وہیل چئیر ہینڈ بال ٹیم کے درمیان ایک میچ باسکٹ بال ارینا سپورٹس کمپلیکس ملتان میں کھیلا گیا، جو کہ فیصل آباد کی ٹیم نے جیت لیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے تیکوانڈو کھیل کا مظاہرہ بھی کیا۔
میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدرارت ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم نے کی جبکہ مہمان خصوصی سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ڈاکٹر شاہد جاوید تھے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان۔فاروق لطیف سوسائٹی فار سپیشل پرسن کی روح رواں میڈم زاہدہ قریشی اور آصف اقبال بھی موجود تھے۔
استقبالیہ خطاب میں سوسائٹی فار اسپیشل ہرسن کے آصف اقبال نے کہا کہ۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حسب سابق سپیشل پرسن کی طرف سے شہداء کشمیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہینڈ بال میچ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
اس میچ کے انعقاد پر سوسائٹی فار اسپیشل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کا مشکور ہے ۔
ڈاکٹر شاہد جاوید نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا جلد ہی اختتام ہونے والا ہے کیونکہ مسلسل جدوجہد کرکے کشمیری بھائیوں نے اقوام عالم کے سامنے سیکولر ملک کا پرچار کرنے والے بھارت کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔
خراج تحسین ہے ان کشمیری بھائیوں کو جو جان اور مال کی قربانی دیکر آزادی کے لیے پرجوش ہیں۔رانا ندیم انجم نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی ہر کشمیری بھائی کا بنیادی حق ہے۔
جد و جہد آزادی کشمیر کو انشااللٰلہ جلد اپنی منزل ملنے والی ہے۔
اس اہم دن کے موقع پر سوسائٹی فار اسپیشل پرسن نے اس ایونٹ کا انعقاد کرکے اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ آزادی کی اس تحریک میں تمام پاکستانی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
میڈم زاہدہ قریشی نے آخر میں معزز مہمانوں کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔اور شہ رگ پر کسی اور کا قبصہ ناقابل برداشت ہے۔پاکستان کے تمام معذور افراد اپنے کشمیری بھائیوں کی جلد از جلد آزادی کے لیے دعاگو ہیں۔
آخر میں کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔