زکریا یونیورسٹی : قاسم ہال میں طلباء اور انتظامیہ میں لڑائی معمول بن گئی
زکریا یونیورسٹی کے قاسم ہال میں طلبا اور انتظامیہ میں لڑائی معمول بن گئی، بی زیڈ یو قاسم ہال بوائز ہاسٹل کے وارڈن نے رات کے وقت ہاسٹل کو سیل کردیا اور طلباء کو باہر کھڑا دیا۔
چند طلبا نے ہاسٹل کی فیس جمع نہیں کرائی تھی جس پر وارڈن کی جانب سے ہاسٹل کو ہی سیل کردیا گیا جن طلبا نے فیس جمع کروائی ہوئی تھی انہیں بھی ہاسٹل کے اندر نہیں جانے دیاگیا جس پر طلبا ءنے احتجاج کیا اور وائس چانسلر کو درخواست دی۔
طلبا کی جانب سے درخواست دینے پر ہاسٹل وارڈن آپے سے باہر ہوگیا اور طلباء کو دھمکیاں دینے لگا کہ اسے بیان حلفی لکھ کر دیں اور وی سی کو دی گئی درخواست واپس لیں۔
انتقامی کارروائی کی وجہ سے طلباء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
چند طلبا نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری طلباء کو انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ معافی نامہ لکھ کر دیں اور وی سی کو دی گئی درخواست واپس لیں ۔
طلباء نے وی سی جامعہ زکریا سے ہاسٹل وارڈن کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 5 روز پہلے کا ہے مگر تاحال معاملہ جوں کا توں ہے، انتظامیہ طلباء کے بجائے وارڈن کو سپورٹ کررہی ہے جس کی وجہ سے حالات خراب ہورہے ہیں