طلباء و طالبات کے مڈل و ہائی سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات آج ہوں گے
جنوبی پنجاب کے ساڑھے چار ہزار سے زائد گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات، 11 لاکھ سے زائد ووٹرز آج تقریباً 14 ہزار امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی، مشاورت، انتظامی معاملات پر دسترس، جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات آج (14 ستمبر کو) منعقد کیے جا رہے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے ساڑھے چار ہزار سے زائد گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں ہونے والے اس سب سے بڑے انتخابی عمل میں گیارہ لاکھ سے زائد ووٹرز تقریباً چودہ ہزار امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔
سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات میں صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری اور کلاس نمائندگان منتخب کیے جائیں گے۔
تیسری مدت کے لیے ہونے والے ان انتخابات میں طلباء وطالبات کی کافی گہما گہمی اور جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انتخابی مہم کے دوران طلباء و طالبات گروپ کی صورت میں اپنے اپنے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں مہم چلاتے رہے۔ ان انتخابات کا انعقاد مقرر کیے گئے الیکشن کمشنرز کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ سکول کی سطح پر انتخابات کے عمل میں شریک ہونا بچوں کی تربیت کا حصہ ہے، اس سے طلباء و طالبات آئندہ کی باشعور اور ذمہ دار نسل ثابت ہوں گے۔
دریں اثناء محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی سٹوڈنٹ کونسلوں کے آج ہونے والے انتخابات میں پولنگ کے عمل کا جائزہ لینے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی، انتخابی مہم، الیکشن کمشنر اور الیکشن ٹربیونل کی تقرری، بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکس اور پولنگ سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے سیکشن آفیسر آفاق موریس کو مظفر گڑھ، ڈپٹی سیکرٹری سیف الرحمان خان کو ضلع ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور مانیٹرنگ آفیسر قرۃ العین صدیقی کو ضلع لیہ، ڈپٹی سیکرٹری فیصل شہزاد اور مانیٹرنگ آفیسر ثمرین ندیم کو ضلع وہاڑی، سیکشن آفیسر حنا چوہدری کو ضلع خانیوال، سیکشن آفیسر قرۃ العین خان کو ضلع بہاول پور، سیکشن آفیسر بریحہ زینب کو ضلع لودھراں جب کہ سیکشن آفیسر محمد صدیق کو ضلع بہاول نگر کے لیے ذمہ داریاں سونپی کی گئی ہیں۔