سٹوڈنٹس کونسل کے نومنتخب عہدیداروں نے حلف اٹھالیا

سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ سٹوڈنٹ کونسلیں طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں گی، نومنتخب عہدیداران فیصلہ سازی، مشاورت، انتظامی معاملات پر دسترس اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شمولیت کے ذریعے دیگر طلبہ کے لیے رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔
وہ گورنمنٹ بوائز کمپری ہنسیو ہائیر سکینڈری سکول ملتان میں سٹوڈنٹ کونسلز کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی سکینڈری جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی ایلیمنٹری پرویز اقبال، ڈائریکٹر ایجوکیشن شوکت شیروانی اور سی ای او ایجوکیشن شمشیر احمد خان سمیت طلباء و طالبات اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ طلبہ کو فیصلہ سازی کی تربیت ایک احسن اقدام ہے، نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا سٹوڈنٹ کونسلز کا اہم مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں، وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لائیں اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ سٹوڈنٹ کونسل کے نومنتخب عہدیداران کو ان کی ذمہ داریاں سمجھنے اور امور کی انجام دہی میں رہنمائی و مدد فراہم کریں، اور ایسا ماحول فراہم کریں جہاں وہ اپنے ساتھی طلبہ کے ساتھ گفت و شنید کر سکیں۔
اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سٹوڈنٹ کونسلوں کے نومنتخب صدور، نائب صدور اور جنرل سیکرٹریز سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ تقریب حلف برداری کی اس مرکزی تقریب کو ویڈیو لنک کے ذریعے تحصیل سطح پر براہ راست دکھایا گیا تھا،
جہاں طلباء وطالبات کی مشترکہ تقاریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، جب کہ دور افتادہ سکولوں کے بچوں نے تحصیل سطح پر تقریب حلف برداری میں شرکت کی بجائے اپنے اپنے سکولوں کی اسمبلی میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
واضح رہے کہ 18 اگست کو جنوبی پنجاب کے 4538 گرلز و بوائز مڈل و ہائی سکولوں میں ہونے والے اس انتخابی عمل میں گیارہ لاکھ سے زائد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے تقریباً چودہ ہزار امیدواروں کا انتخاب کیا تھا۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے آفیشل فیس بک پیج پر نومنتخب عہدیداران کی رہنمائی اور ان سے رابطہ سازی کے لیے خصوصی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں۔


















