سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے سحری اور افطاری مشکل بنادی

سحر وافطار میں ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ شہریوں کو سحری اور افطاری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سوئی گیس حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی ہے ،اور جاری شیڈول کے علاؤہ بھی گیس غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔ خاص طور پر سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی بندش سے شہریوں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے۔
قاسم بیلہ،ایم ڈی اے چوک اور اس سے ملحقہ علاقوں شاداب کالونی،مہربان کالونی،افغان کالونی،جناح ٹاؤن ،طارق آباد،امیرآباد، اندرون شہر ،عرفات کالونی ،محلہ چاہ ڈھال والا ،مکہ کالونی،لوہار کالونی ،سمیجہ آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔
گیس صارفین کاکہنا ہے کہ ماہ رمضان ہوتے ہی سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس غائب ہوجاتی ہے یا پھر پریشر لو ہو جاتا ہے، جس سے کھانے کی تیاری میں دقت کا سامنا ہے۔
سوئی گیس حکام اس صورتحال کا نوٹس لے اور گیس کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے۔


















