Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

صاف ستھرا پنجاب پروگرام اب سکولوں میں چلے گا

پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں صفائی کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو تعلیمی اداروں تک توسیع دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اب سکولوں کی صفائی باقاعدہ طور پر خصوصی ٹیمیں کریں گی۔

ذرائع کے مطابق "ستھرا پنجاب” پروگرام، جو پہلے شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کامیابی سے جاری ہے، اب سرکاری سکولوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد طلبہ کو صاف، صحت مند اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔منصوبے کے تحت مخصوص صفائی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور بیت الخلاء کی صفائی کو یقینی بنائیں گی۔

اس کے علاوہ سکولوں میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اکثر سرکاری سکولوں میں صفائی کی ناقص صورتحال طلبہ کی صحت اور حاضری پر منفی اثر ڈالتی ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر تھا۔ "ستھرا پنجاب” ٹیموں کی تعیناتی سے نہ صرف صفائی کے مسائل حل ہوں گے بلکہ طلبہ میں صفائی ستھرائی کی عادات کو بھی فروغ ملے گا۔

ماہرین تعلیم نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صاف ستھرا ماحول تعلیمی کارکردگی میں بہتری کا اہم عنصر ہے، اور اس پروگرام سے سرکاری سکولوں کا مجموعی معیار مزید بہتر ہوگا۔

شہری حلقوں نے بھی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button