زکریا یونیورسٹی : وائس چانسلر کے اہل خانہ کے لئے اساتذہ کو تحائف لانے کی ہدایت

زکریا یونیورسٹی میں ایک متنازع معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں وائس چانسلر کی فیملی کے استقبال کے لیے خواتین اساتذہ کو مالی تعاون اور تحائف لانے کی ہدایات دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں اساتذہ کے ایک گروپ کی خواتین اساتذہ کو ایک کالج کی پروفیسر کی طرف سے ہدایت کی گئی کہ وہ عید کے دنوں میں وی سی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں اور وائس چانسلر کی شریک حیات کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کریں۔
اساتذہ سے کہا گیا کہ وہ لنچ یا ڈنر کے لیے کیک اور دیگر اشیائے خوردونوش اپنے طور پر لے کر آئیں۔ مزید برآں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اساتذہ کو تحائف کی خریداری کے لیے باقاعدہ طور پر رقم جمع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، جس پر تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اساتذہ نے اس عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ادارے میں اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف قواعد و ضوابط کے منافی ہیں بلکہ اس سے پیشہ ورانہ ماحول بھی متاثر ہوتا ہے۔



















