سی سی آر آئی میں کپاس کی گلابی سنڈی کے انسداد کے لئے تربیتی پروگرامزکا دوسرا مرحلہ منگل سے شروع ہوگا: ڈاکٹر زاہد محمود

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ماسٹر ٹرینیز کے لئے گلابی سنڈی کے انسداد کے لئے تربیتی پروگرامز کا دوسرا مرحلہ بروز منگل21دسمبر سے شروع ہونے جا رہا ہے جو 23دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع وہاڑی،لودھراں،بہاولپور،بہاولنگر ،رحیم یارخان ،ملتان،خانیوال، فیصل آباد، ساہیوال،لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور اور ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے محکمہ زراعت پنجاب پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے آفیسران اور دیگر عملہ وفیلڈ اسٹاف تربیتی پروگرام میں حصہ لیں گے۔
یہ بات ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے اپنے پیغام میں کہی ہے۔
اس سے پیشتر ادارہ ہذا میں گزشتہ ہفتے پہلے مرحلہ کے دوران مذکورہ تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے محکمہ زراعت پنجاب توسیع کے زرعی آفیسران اور فیلڈ اسسٹنٹ نے تربیتی پروگرام میں حصہ لیا تھا۔
ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والی کپاس کی فصل کو کپاس کی گلابی سنڈی سے محفوظ بنانے کے لئے اس وقت کپا س کی آف سیزن مینجمنٹ پریکٹس بہت ضروری ہے اور اس کے لئے سی سی آر آئی ملتان پنجاب کے دیگر متعلقہ زرعی محکمہ جات کے ساتھ مشترکہ کوششوں کے ذریعے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تربیتی پروگرامز کا مقصد کپاس پر کام کرنے والے وفاقی وصوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرکے مشترکہ پلیٹ فارم سے کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی گلابی سنڈی اور اس کے نقصان سے بچنے کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنا ہیں تاکہ عملی طور پر نچلی سطح تک کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی و تربیت ٹھیک سے منتقل ہوسکے اور ان کو مکمل معلومات اور آگاہی مل سکے۔
اس سلسلے میں وزرات نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی جانب سے پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے ذیلی اداروں کی ہر طرح سے معاونت و تعاون حاصل ہے۔
ڈاکٹر زاہد کا کہنا تھا کہ ہمیں کپاس کی گلابی سنڈی کی مینجمنٹ پر بھرپور توجہ دینا ہوگی تاکہ ملکی پیداوار میں گلابی سنڈی سے ہونے والے نقصان سے بچا جا سکے۔
تربیتی پروگرامز میں شریک ماسٹر ٹرینیز کو سی سی آر آئی ملتان کے زرعی ماہرین کپاس کی آف سیزن مینجمنٹ بارے خصوصی لیکچرز دیں گے۔
اس کے علاوہ اس تربیتی کورس میں شرکاء کو ادارہ ہذا کی مختلف لیباٹریز کا معائنہ بھی کرایا جائے گا۔
بعد ازاں تمام شرکاء کو مکینیکل پنک بول ورم مینجر مشین کا کھیتوں میں عملی مظاہرہ بھی دکھایا جائے گا۔



















