ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب سکولوں کی سطح پر فوکس رکھے ہوئے ہے:عطاالحق

ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب عطاء الحق نے کہا ہے کہ تعلیمی ترقی کے ذریعے اس خطے کے لوگوں کا معیار زندگی بلندکیا جا سکتا ہے، وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی کے وفدسے تبادلہ خیال کر رہے تھے، یواین ڈی پی کے تین رکنی وفد کی قیادت ڈاکٹر طلعت انور کر رہے تھے۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے سکولوں کی سطح پر فوکس رکھے ہوئے ہے، ملاقات کے دوران وفد نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ، اور مسائل دریافت کیے۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ ڈاکٹر طلعت انور نے ایڈیشنل سیکرٹری کو بتایاکہ یو این ڈی پی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مختلف محکمہ جات کے مسائل کی جانچ اور ان کو بہتر پلاننگ کے ذریعے حل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق اور محمد فیصل شہزاد بھی موجود تھے۔


















