ایمرسن یونیورسٹی ملتان کی طالبات کےلئے بڑی خوشخبری

اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) پاکستان نے ڈی ایچ ایل پراجیکٹ کے تحت ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں طالبات کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈیجیٹل سکلز اینڈ آن لائن اکانومی کے عنوان سے شروع کئے گئے اس پروگرام میں یونیورسٹی کی 200 طالبات کو عملی بنیادوں پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے، تربیتی پروگرام کی قیادت ڈیجیٹل لٹریسی کنسلٹنٹ محمد یاسین کر رہے ہیں، جن کی نگرانی میں طالبات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی پیداواری ٹولز، پروفیشنل ڈیجیٹل کمیونیکیشن، آن لائن فری لانسنگ اور موبائل ویڈیو ایڈیٹنگ (کیپ کٹ) سمیت دیگر اہم اسکلز سکھائی جا رہی ہیں، پروگرام کے دوران طالبات کو عالمی فری لانسنگ پلیٹ فارمز خصوصاً فائیور پر کام کرنے کے عملی طریقۂ کار سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی خدمات پیش کر کے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
یو این ڈی پی حکام کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد جنوبی پنجاب میں ڈیجیٹل صنفی خلا کو کم کرنا اور نوجوان طالبات کو معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے،یونیورسٹی انتظامیہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں عالمی سطح پر کمائی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
شرکاء طالبات نے بھی اس تربیتی پروگرام کو مستقبل کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتوں کے حصول سے انہیں خود اعتمادی ملی ہے اور وہ آن لائن معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پُرامید ہیں۔



















