Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

یونیسکو کے وفد کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ

یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر کا وفد کے ہمراہ سکول ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان سے ملاقات، ملتان اور بہاول پور میں قائم خواجہ سراؤں کے سکولوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز کی تعمیر اور ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ میں معاونت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یوسف فلالی میکنیسی نے ایڈمنسٹریٹیو اینڈ فنانس آفیسر یونیسکو اسلام آباد ڈون تھی ڈنگ اور کمیونیکیشن اسپیشلسٹ انعم منصوری پر مشتمل وفد کے ہمراہ گزشتہ روز ملتان میں سکول ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا۔

اس موقع پر یونیسکو کے اعلی سطحی وفد نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اور جنوبی پنجاب میں تعلیمی ترقی اور خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

یونیسکو کے وفد نے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی، اور مسائل دریافت کیے۔

سکول ایجوکیشن سیکرٹریٹ آمد پر یونسیکو پاکستان کے وفد کو محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام شروع کیے جانے والے انیشی ایٹیوز پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ملتان اور بہاول پور میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام قائم ہونے والے ٹرانس جینڈر سکولوں کے طلبہ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز کی تعمیر اور خواجہ سراؤں کی معیاری تعلیم اور فنی تربیت تک رسائی بہتر بنانے کے لیے یونیسکو پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یوسف فلالی میکنیسی اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹریز سیدہ سروش فاطمہ شیرازی، آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہرالحق، سیف اللہ خان، سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کا شمار معاشرے کے پسماندہ طبقات میں ہوتا ہے، اور ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے ان پر بند رہے، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نظر انداز کیے جانے والی اس کمیونٹی کی تعلیم کے لیے جولائی 2021ء میں ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کا آغاز کیا، ایکسلریٹ لرننگ پروگرام کے تحت اس سکول کے طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور لکھنے، پڑھنے اور بنیادی حساب کتاب کے ساتھ بہتر طرز حیات کی مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز کے قیام سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ایجوکیشن سکلز سیکھنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب تعلیم کے بنیادی اور لازمی حق تک عوام کی آسان رسائی کے مشن پر کار بند ہے، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے جنوبی پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں یونیسکو کے تعاون کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button