زکریا یونیورسٹی کے داخلے بڑھانے کے لئے عمر کی حد ختم

معاشی بحران میں گھری زکریا یونیورسٹی کے داخلے بڑھانے کےلئے عمر کی حد ختم کردی ،ا ب بی ایس پروگرامز میں کسی بھی عمر کے حصے میں داخلہ لیا جاسکے گا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق زکریا یونیورسٹی کی ایڈمیشن کمیٹی اجلاس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیاگیا کہ داخلوں کا بحران ختم کرنے کےلئے اور معاشی دباو کو کم کرنے کےلئے امیدواروں پر عمر کی حد ختم کردی جائے۔
اب یہ فیصلہ اکیڈمک کونسل اور پھر سینڈیکیٹ میں لیجایا جائے گا تاکہ حتمی قانون بن سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مختلف پروگرامز میں داخلے کے لیے عمر کی بالائی حد ختم کرنے کا اعلان کیا، اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کو بھی اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے جو معاشی یا گھریلو مجبوریوں کے باعث بروقت تعلیم مکمل نہ کر سکے تھے۔
داخلہ پالیسی میں یہ تبدیلی آئندہ تعلیمی سیشن سے نافذ العمل ہوگی،ہم امیدواروں کو مقررہ تعلیمی اہلیت اور میرٹ کے دیگر تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں متعدد افراد کو روزگار کی تلاش یا گھریلو ذمہ داریوں کی وجہ سے تعلیم کا سلسلہ منقطع کرنا پڑا۔
عمر کی حد ختم کرنے سے ایسے امیدواروں کو دوبارہ تعلیمی میدان میں واپس آنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف داخلوں میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشرے میں تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
تعلیمی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بالغ تعلیم اور لائف لانگ لرننگ کے رجحان کو فروغ دیا جا رہا ہے زکریا یونیورسٹی کا یہ اقدام خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔




















