امریکن قونصلیٹ جنرل زکریا یونیورسٹی پہنچ گئے
امریکن قونصلیٹ جنرل لاہور کے ڈپٹی پبلک افیئرز آفیسر کارل روجر نے بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا، اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کے ساتھ ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں انگلش لینگویج پروگرام سپیشلسٹ محمد اقبال ، پاک یو ایس ایلومینایی ہیڈ جمال الدین ، یونیورسٹی لنکن پروگرام کوارڈینیٹر سعدیہ حنیف ، آر او ڈاکٹر طاہر محمود بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی پبلک افیئرز آفیسر کارل روجر کے ساتھ ملاقات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی علمی خدمات کا تذکرہ کیا ، اور مستقبل قریب میں شروع کیے جانے والے اہم منصوبہ جات کے حوالے سے بھی تفصیل کے ساتھ بات چیت کی ، جس پر کارل روجر نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوبی پنجاب میں ان کا پہلا وزٹ اور بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان آکر بے حد خوشی ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ کلچر اور ہسٹری میرا پسندیدہ سبجیکٹ ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی شہر یا علاقہ اپنے کلچر اور ہسٹری سے ہی پہچانا جاتا ہے اور یقیناً ملتان اور بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی اپنی پہچان ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ کرام کی بھی ٹریننگ ہونی چاہیئے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیلیور کر سکیں ۔
وائس چانسلر کے ساتھ ملاقات کے بعد ڈپٹی پبلک افیئرز آفیسر کارل روجر نے بہاالدین زکریا یونیورسٹی سنٹرل لائبریری میں قائم لنکن کارنر کا بھی وزٹ کیا
جہاں انہوں نے طلباء وطالبات کے ساتھ ملاقات کی اور خوبصورت لنکن کارنر بنانے پر خوشی کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر مس سعدیہ حنیف نے کارنر کی کارکردگی اور اہمیت کے حوالے سے بریفننگ دی ۔
اس موقع پر ڈپٹی پبلک افیئرز آفیسر کارل روجر نے طلباء وطالبات کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی کی، اور اس سنٹر کے ذریعے طلبہ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔
دورے کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کارل روجر کے ساتھ تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔