ٹی 20 ورلڈ کپ:بڑا اپ سیٹ ؛ سپر اوور میں امریکا نے پاکستان کو شکست دے دی
ڈیلاس: پاکستان کو اپںے ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا ، آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔
ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنالئے،جس کے بعد میچ سپر اوور پر چلا گیا۔
سپر اوور میں امریکا نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز ہی بنا سکی اور امریکا 5 رنز سے میچ جیت گیا۔
قبل ازیں امریکا کے کپتان مونک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 44، شاداب خان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاہین آفریدی 23 اور حارث رؤف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
فخر زمان 11 ، افتخار احمد 18 اور عثمان خان 3 رنز بناسکے، اعظم خان کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
امریکا کی طرف سے نوتھوش کینجیگے نے 3، سوربھ نیتراولکر نے 2، علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
امریکی سکواڈ میں اسٹیون ٹیلر، موننک پٹیل (کپتان، وکٹ کیپر)، اینڈریز گوس، آرون جونز، نتیش کمار، کوری اینڈرسن، ہرمیت سنگھ، جسدیپ سنگھ، نوتھوش کینجیگے، سوربھ نیتراولکر، علی خان شامل تھے ۔
جبکہ پاکستان الیون بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، حارث رؤف پر مشتمل تھی۔